لاہور( نمائندہ امت)تحریک لبیک نے ہنگامی حالات کیلئےتازہ دم کارکنوں کی کمک بھی تیار کرلی ہے جسے اسلام آباد میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد جمعہ تک کال دی جاسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کئی کارکن لاہور سے بدھ کے روز قافلے کے ہمراہ روانہ نہیں ہوئے بلکہ انھوں نے میٹرو سٹاپ داتا دربار تک قافلے کو الوداع کہا ۔ اس موقع پران کارکناں نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ وہ حکمت عملی کے تحت اس قافلے کے ہمراہ نہیں جارہے ہیں کیونکہ ان کو کہا گیا ہے کہ وہ لاہور ہی میں رہ کر معاملات کو دیکھیں اور اگر ضرورت پڑی تو ان کو جمعہ کے روز کال دی جائے گی اور جمعہ کے روز اسلام آباد دھرنا کے لےئے پہنچ جائیں ۔ تحریک لبیک کے زرائع نے امت کو بتایا کہ حکمت عملی یہ طے کی گئی ہے کہ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد کو لاہور سمیت مختلف شہروں میں تازہ دم رکھنے کے لےئے اپنے ہی علاقوں میں رکنے کا کہنا گیا ہے کہ اور ان کارکنوں کو اسلام آباد میں جائزہ لینے کے بعد جمعہ تک اسلام آباد پہنچنے کی کال دی جاسکتی ہے۔