مقبوضہ بیت المقدس(خبر ایجنسیاں) نابلس میں حضرت یوسف کے مزار پر اسرائیلی دھاوے میں5 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ غرب اردن میں گھر گھر تلاشی کے دوران8 نوجوان گرفتار کرلئے گئے۔رام اللہ میں قابض فورسز نے شہید طارق محمد دار یوسف کا گھر مسمار کردیا، جبکہ فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ غزہ معیاری دودھ کی سپلائی معطل ہونے سے ہزاروں شیر خوار بچے ذہنی طور پر اپاہج ہوسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نابلس میں حضرت یوسفؑ کے مزار پر اسرائیلی فوج کے تشدد سے 5فلسطینی نوجوان زخمی ہوگئے، جن میں سے 2کو رفیدیا اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان میں سے ایک کے جبڑے جبکہ دوسرے کو پنڈلی پر گولی لگی ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں اور فوجیوں کی بھاری نفری نے دھاوا بول کر شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ادھرقابض صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں سرچ آپریشن کے دوران 8فلسطینیوں کو گرفتار کرکے حراستی مرکز منتقل کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی گشتی پارٹیوں نے بھاری مشینری کیساتھ کوبر میں واقع شہید طارق یوسف دار کا گھر مسمار کردیا۔ کارروائی سے قبل تمام راستوں کی ناکہ بندی کرکے شہریوں کی آمد ورفت معطل کردی گئی تھی۔ دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں شیرخوار بچوں کیلئے معیاری دودھ کی سپلائی بندہونے سے ہزاروں شیر خوار بچے ذہنی اپاہج ہوسکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اسپتالوں میں دودھ کا اسٹاک ختم ہوچکا ہے، جس کے نتیجے میں پی کے یو نامی مرض کے شکار 107بچے ذہنی اپاہج پن ہوسکتے ہیں۔