پارکنگ منتقلی – سپر اسٹور کو 1 ماہ کی مہلت مل گئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے امتیاز سپر اسٹور کے مالک کو لیاری ندی سے پارکنگ ایریاٍ منتقلی کے لئے ایک ماہ کی مہلت دیدی اور خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت گزرنے کے بعد اگر تجاوزات قائم رہی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بدھ کو امتیاز اسٹور کے مالک عمر امتیاز اپنے وکیل کے ہمراہ کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور کمیشن کو یقین دلایا کہ آئندہ لیاری ندی کی اراضی پارکنگ ایریا یا کسی اور کمرشل سرگرمی کے لئے استعمال نہیں ہوگی۔ تاہم انہوں نے متبادل انتظام کیلئے ایک ماہ کا وقت مانگا۔ کمیشن نے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا کہ مقررہ مہلت پوری ہونے کے باوجود بھی لیاری ندی کے کنارے پر تجاوزات رہی تو پولیس کے ذریعے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیرہانی مسلم نے کہا کہ کراچی کے کسی بھی نالے کے کنارے پر تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ کمیشن نے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں سے تجاوزات کے خلاف شکایات پر کارروائی نہ کرنے پر سرزنش کی۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ہمارا ایک پولیس اسٹیشن ہے ،تاہم وہاں نفری کی شدید کمی ہے ،جبکہ ایک ہی ایس ایچ او گزشتہ 5سال سے تعینات ہے۔اس موقع پرسی سی پی او سے استفسار کیا گیا توانہوں نے کمیشن کو بتایا کہ اتنے لمبے عرصے کیلئے کسی ایس ایچ او کی تعیناتی نہیں ہوسکتی، جس پر کمیشن نے متعلقہ ایس ایچ او کا تبادلہ کرنے اور کسی اچھی شہرت کے حامل پولیس افسر کو تعینات کرنے کا حکم دیدیا۔ علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں سے شہریوں کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی کی تحریری شکایات جمع کرائیں، جس پر کمیشن نے وٹربورڈ کے افسران کو ان شکایات پر کارروائی کا حکم دیا۔

Comments (0)
Add Comment