اسلام آباد(خبر نگار خصوصی، خصوصی رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کیپٹن(ر) عثمان کی بطور ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب تعیناتی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن(ر) عثمان سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مرکزی کردار ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ17جون 2014 کے دن ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کے موقع پر کیپٹن (ر) عثمان موجود رہا اور اس کے حوالے سے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی عدالتی رپورٹ میں بھی بتایا گیا ہے کہ اسے خون کی ہولی کھیلنے کیلئے بطور خاص ڈی سی او لاہور لگایا گیا تھا۔ خرم نوازگنڈا پور نے کہا کہ سردار عثمان بزدار نے وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا اعلان کیا جس سے ہمیں اطمینان ہوا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کاانصاف اور شفاف ٹرائل اسی صورت ممکن ہے کہ سانحہ میں ملوث پولیس و دیگر افسران کو کیس کے حتمی فیصلے تک سرکاری عہدوں سے الگ رکھا جائے تاکہ وہ اپنی سرکاری پوزیشنز کے ذریعے اثر انداز نہ ہو سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ پڑھ کر افسوس ہوا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ایک اہم کردار کیپٹن(ر)محمد عثمان کو ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب لگایا گیا ہے جو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دست راست تھے اور انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں جن ملزمان کو طلب کررکھا ہے کیپٹن(ر) عثمان ان میں شامل ہیں اور وہ عدالت میں پیش بھی ہورہے ہیں۔ سانحہ کے مرکزی ملزمان کو اہم سرکاری پوزیشن دینے سے غیر جانبدار ٹرائل اثر انداز ہو گا۔