کراچی(اسٹاف رپورٹر) درخشاں میں دن دہاڑے ڈاکو مقامی تاجر کے بنگلے سے 59 لاکھ روپے کے طلائی زیورات لے اڑے، پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے ڈیفنس فیز 6 خیابان راحت اسٹریٹ نمبر9 میں رہائش پذیر مقامی تاجر فضل عمر کے بنگلہ نمبر 31/1میں بدھ کے روز تین نامعلوم ملزمان داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بناکر گھر میں رکھے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس کے مطابق ڈکیتی کی واردات کا مقامی تاجر فضل عمر کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 477/18 درج کرلیا گیا ہے، مدعی کا کہنا ہے کہ بدھ کی دوپہر تین ملزمان جو کہ شلوار قمیض میں ملبوس تھے اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بناکر گھر میں رکھے طلائی زیورات لوٹکر فرار ہوگئے، مدعی کا مزید کہنا تھا کہ لوٹے گئے زیورات کی مالیت 59 لاکھ روپے ہے۔