متحدہ لندن کا انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر سمیت 29 ملزم گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سانحہ چکرا گوٹھ کا ماسٹر مائنڈ اور 100سے زائد افراد کا قاتل متحدہ لندن کا انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر زمان ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں پکڑا گیا۔ رینجرز و پولیس آپریشن میں منشیات فروشوں، ڈکیتوں اور موٹر سائیکل لفٹرز سمیت28 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس نے کورنگی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سانحہ چکرا گوٹھ کے ماسٹر مائنڈ اور درجنوں افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث متحدہ لندن کے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر ممتاز عرف کے ٹو کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملزم سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس عرف مما اورٹارگٹ کلر کامران عرف مادھوری کا قریبی ساتھی تھا اور 2005 سے 2008 تک کورنگی کا سیکٹر انچارج بھی رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ممتاز پر کورنگی کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔ ادھر رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہو ئے 28 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز نے شریف آباد میں منشیات فروش عارف کو گرفتار کرلیا، ماڈل کالونی پولیس نے ڈکیت شہاب خان، چاکیواڑہ پولیس نے مقابلے کے بعد گینگ وار ملزم عبدالطیف کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برمد کرلیا۔ سعید آباد پولیس نے اشتہاری سمیع اللہ کو گرفتار کرلیا۔ سپر مارکیٹ پولیس نے منشیات فروش محمد بلال اور گٹکا فروش اشرف کو گرفتار کرلیا۔جمشید کوارٹر پولیس نے مفرور ملزم علی بلوچ کو گرفتار کرلیا۔ زمان ٹاؤن پولیس نے 5ملزمان محمد نور،متین،عبدالرحمن ،امین اور فیصل کو گرفتار کر کے 3پستول اور ڈھائی کلو چرس برآمد کرلی۔ سعود آباد پولیس نے 4مفرور ملزمان وارث،شہباز،قیس،عفان ، جبکہ ماڈل کالونی پولیس نے 2مفرور ملزمان زاہد اور فیاض کو گرفتار کرلیا۔ کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے مختتلف کارروائیوں میں اسٹریٹ کرمنلز سجاد، حاکم علی ، مفرور ملزمان ذوالفقار و حنیف سمیت 3ملزمان ریاض ،فیاض اور امتیاز کو گرفتار کر کے موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ عوامی کالونی پولیس نے مفرور ملزم آفتاب احمد کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسری کارروائی میں 2 موٹر سائیکل لفٹر کامران اور وحید مراد کو گرفتار کرلیا۔

Comments (0)
Add Comment