کراچی(امت نیوز) پاک بحریہ نے مارگلہ کے پہاڑوں پر چیڑ کے درختوں کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا۔مہم کا افتتاح پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کیا۔شجرکاری مہم کا مقصدحکومت کے وژن کے مطابق”گرین پاکستان“ پروگرام جیسی قومی کاوشوں میں معنی خیز کردار ادا کرنا ہے۔پاک بحریہ کے سربراہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تغیر کے اثرات تشویش ناک ہیں۔سماجی اقتصادیات اور ایکو سسٹم کی بہتری کے لیے جنگلات کا اُگاؤ نہایت ہی اہم ہے۔خوراک، ریشے، روزگار، وسائل اور پانی میں اہم کردار ادا کرنے کے علاوہ درخت موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کی شدت کو کم کرنے میں بھی بنیادی کردار ادا کر تے ہیں۔گزشتہ تین عشروں کے دوران پاکستان میں زمینی خطے کے لحاظ سے جنگلات کے تناسب میں تشویش ناک حدتک کمی واقع ہوئی ہے۔نیول چیف نے زور دیا کہ اس اعلیٰ مقصد میں تمام عوام ساتھ دیں ۔کم ازکم ایک درخت اُگانے کا عہد کریں۔تقریب میں مختلف معزز سول شخصیات نے شرکت کی۔