لاپتہ افراد کے عالمی دن پر مظاہرے رائو انوار کی ضمانت کیخلاف احتجاج

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لاپتہ افراد کے عالمی دن پر ڈیفنس آف ہیومن رائٹس و دیگر تنظیموں کے تحت احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کراکر رہا کیا جائے۔ کراچی پریس کلب کے باہر ڈیفنس آف ہیومن رائٹس سندھ (کراچی) کے مظاہرے کی قیادت ایڈووکیٹ احمد اعوان نے کی۔اس موقع پر راؤ انوار کی ضمانت منظوری کے خلاف بھی احتجاج کیا۔احتجاج میں لاپتہ افراد کے اہلخانہ ، راؤ انوار کے ہاتھوں مبینہ مقابلوں میں قتل کئے جانے والوں کے لواحقین اور مختلف ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے شرکت کی ۔احمد اعوان نے کہاکہ راؤ انوار کو تحفظ ملنے سے عوام کا عدالتی نظام پر سے اعتماد اٹھ رہا ہے ۔راؤ انوار کی ڈرامائی انداز میں گرفتاری کئی سوالات کو جنم دے رہی تھی۔انہوں نے کہاکہ لاپتہ افراد کا معاملہ جنرل پرویز مشرف کے دورسے شروع ہوا، جو تاحال جاری ہے۔چیف جسٹس کے لئے لاپتہ افراد اور راؤ انوار کا کیس ٹیسٹ کیس ہے۔دریں اثنا وائس فارمنگ پرسن آف سندھ فورم ، ہیومن رائٹس کمیشن اور سندھی قوم پرست تنظیموں کے کارکنوں نے بھی پریس کلب کے باہر گمشدہ افراد کے عالمی دن احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے کی قیادت امیر آزاد پنہور ، اشفاق میمن ، فتح چنہ ، امان اللہ شیخ ، اسد اقبال بٹ اور دیگر افراد نے کی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتہ افراد کو فوراً بازیاب کیا جائے ۔

Comments (0)
Add Comment