اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان کے لیے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگو نے کہا ہے کہ پاکستان کو منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، آنے والے مہینوں میں فیصلہ کن ایکشن لینا ہوگا، پاکستان اس لیے دوبارہ گرے لسٹ میں آیا کیونکہ بعض کاروائیوں پر عمل درآمد میں سستی برتی گئی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کچھ سال پہلے نیشنل ایکشن پلان کے ساتھ آیا تھا جس کے 26 ایکشن تھے، اس حوالے سے پیشرفت ہورہی ہے۔ پاکستان اس سے قبل بھی ایک بار گرے لسٹ میں تھا اب وہ دوبارہ گرے لسٹ پر آگیا ہے کیونکہ اس نے بعض کاروائیوں پر عمل درآمد میں سستی برتی۔ پاکستانی معیشت کو آج بادِ مخالف کا سامنا ہے۔انکا کہنا تھا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ نئی حکومت نے بھی اسے تسلیم کیا ہے کہ معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، ورلڈ بینک معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت کی مدد کو تیار ہے، انہیں چاہیے کہ وہ پالیسیاں بنائیں اور وہ کام کریں جس سے وسط مدتی بنیادوں پر معیشت تیز ہو تاکہ ایک مستحکم راستے پر آیا جاسکے۔