ایڈیشنل آئی جی نے تحقیقات کا حکم دیدیا متاثرہ خاندان سے رابطے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)احسن آباد میں8 سالہ بچے کے جھلسنے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق احسن آباد میں بچے کو کرنٹ لگنے کا واقعہ پرایڈیشنل آئی جی کراچی کے حکم پر کراچی پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں جس کی ابتدائی رپورٹ آج کراچی پولیس چیف کو ارسال کردی جائے گی،ترجمان کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹر رضوان کو واقعے کی تفصیلی تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ خاندان کی فوری داد رسی کے لیے پولیس کو رابطہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں، پولیس حکام کے مطابق واقعہ میں کے الیکٹرک کی غفلت ثابت ہوئی تو مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment