اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)تحریک لبیک پاکستان کی قیادت میں مذہبی جماعتوں کا لانگ مارچ امیر تحریک لبیک علامہ خادم رضوی اور سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری کی قیادت میں جمعرات کے روز گجرات سے روانہ ہوا تو شرکا کا جوش خروش دیدنی تھا۔ شدید گرمی اور دھوپ کے باوجود کارکنان سارا دن قائدین کے خطابات سنتے ، پرجوش نعرے لگاتے رہے۔ ہزاروں کارکنان بسوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار لانگ مارچ کے ہمراہ موجود رہے۔ جمعرات کی دوپہر گجرات سے روانہ ہونے کے بعد راستے بھر میں آنے والے شہروں اور قصبوں میں لانگ مارچ کے شرکا کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ کارکنان لبیک یا رسول اللہ اور آیا آیا دین آیا کے نعرے بلند کرتے رہے۔ گجرات سے گوجر خان تک 120 کلومیٹر کا سفر تقریباً 10 گھنٹوں میں طے ہوا، تاہم کارکنان رات گئے تک پرجوش دکھائی دیے اور ان کے چہروں پر تھکاوٹ کے آثار تک نہیں تھے۔