لاہور(امت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور 92 ورلڈکپ میں عمران خان کے قریبی ساتھی رمیز راجہ نے احسان مانی کو بطور چیئرمین پی سی بی موزوں انتخاب قرار دے دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ایک انٹرویو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو پیش نظر رکھتے ہوئے بورڈ کے نئے سربراہ اپنی ذات سے بالا تر ہوکر کام کریں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ریجنل کرکٹ کے زبردست حامی ہیں،یہ تصور پی ایس ایل میں کامیاب رہا، کئی سابق کرکٹرز بھی اس کی حمایت کرتے ہیں، اب یہ احسان مانی پر ہے کہ وہ اس معاملے میں کس نوعیت کے اقدامات اٹھاتے ہیں۔ سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں بنی گالا میں ملاقات کے دوران عمران خان نے اپنی جدوجہد پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس سلسلے میں کرکٹ کے پس منظر نے کیا کردار ادا کیا۔