کوٹری (نامہ نگار) صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ نیب چیئرمین اور عمران خان کی ملاقات نے بہت سے سوالات کو جنم دیا ہے، ماضی میں نیب کارروائیوں پر سیاسی جماعتیں تحفظات اور اعتراضات کرتی رہی ہیں،ملاقات کاکیا اثر ہوگا وہ سب کے سامنے آجائےگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کوٹری کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ پی پی رہنما عاجز دھامرا، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ حیدرآباد عبید اللہ صدیقی ،سی ایم او کوٹری پرویز احمد جٹ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ترجیحات میں سندھ شامل نہیں تبھی انہوں نے مزار قائد پر حاضری نہیں دی پاکستان میں روایت رہی ہے کہ جو بھی اپنے عہدے کا حلف لیتا ہے تو پہلے مزار قائد پر حاضری دیتا ہے مگر اس بار روایت کو بدل دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو جو100روزہ پروگرام دیا ہے وہ پورا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔