زلمی مدارس کرکٹ لیگ النجوم رائزرز نے جیت لی

پشاور(امت نیوز)زلمی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام زلمی مدارس کرکٹ لیگ کا فائنل میچ النجوم رائزرز نے جیت لیا۔زلمی فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو جاوید آفریدی نے اعلان کیا کہ پشاور میں زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ کا انعقاد انکے پروگرام کا نقطہ آغاز ہے وہ اس سلسلے کو پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختون خواہ کے دینی مدارس کے طلبہ کو نیشنل کرکٹ میں شامل کرنے کےلئے زلمی فاؤنڈیشن کی طرف سے مدرسہ کرکٹ لیگ کا ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں انعقاد کیا گیا، اس مدرسہ کرکٹ لیگ میں خیبر پختونخواہ کے تمام مسالک کے دینی مدارس کی 12ٹیموں نے حصہ لیا ۔مدرسہ کرکٹ لیگ کا فائنل بعد نمازجمعہ کھیلا گیا، اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد دینی مدارس کے طلبہ کو صحت مند کھیلوں کی طرف راغب کرنا اور قومی کھیلوں میں بھرپور نمائندگی دیناہے۔ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میںجامعہ دارلقرآن سوات کی ٹیم النجوم رائزرز نے جامعہ فرقان الکریم پشاور کی ٹیم کو شکست دیکر فائنل میچ جیت لیا۔ اختتامی تقریب میں مذہبی امور کے وفاقی وزیر نورالحق قادری، سینئر صوبائی وزیرسیاحت عاطف خان، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ کے مشیر ضیاءاللہ خان بنگش، زلمی فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو جاوید آفریدی، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان، قومی کرکٹ کوچ محمد اکرم اورڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر ضیاءمہمانان خصوصی تھے۔ جنہوں نے جیتنے والی ٹیم میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے اپنے خطاب میں زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ میں حصہ لینے والی ٹیموں المقاصد فائیٹرز، الخیر رائیڈرز، الاتحاد پیس بلڈر، الہلال چیلنجرز، القراءسٹارز، النور آل راؤنڈرز، الواحدہ ہٹرز،النجوم رائیزرز اور الفتح ریکارڈ سٹرز کے تمام کھلاڑیوں کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے زلمی فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو جاوید آفریدی نے اعلان کیا کہ پشاور میں زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ کا انعقاد انکے پروگرام کا نقطہ آغاز ہے وہ اس سلسلے کو پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ انہوں نے مدرسہ کرکٹ لیگ کےلئے بھر پور تعاون کرنے پر حصہ لینے والی ٹیموں کے مدارس کے منتظمین کا بھی بطور خاص شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ دینی مدارس کو قومی دھارے میں لانے کےلئے تمام مکاتب فکر کے علماءزلمی فاؤنڈیشن سے بھر پور تعاون کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment