سوات(بیورورپورٹ)سوات کی وادی مالم جبہ میں عید کی چھٹیاں گزرنے کے باوجود بھی سیاحوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ،حسین موسم اور دلکش نظاروں نے سیاحوں کو اپنا دیوانہ بنادیا ،انتظامیہ نے مالم جبہ میں فائیواسٹار ہوٹل جنوری میں مکمل ہونے کی خوشخبری سنادی ،آئندہ سال جنوری میں عالمی اسکی انگ چمپیئن شپ کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے ،تاہم آنے والے سیاحوں نے خستہ حال سڑک کی فوری تعمیر کابھی مطالبہ کیا ،مینگورہ سے 46کلومیٹر کے فاصلے پر سطح سمندر سے 9200کی بلندی پر واقع وادی مالم جبہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے اور ملک بھر سے سیاحوں نے جنت نظیر وادی میں ڈیرے جمالئے ہیں ،جہاں سیاح دلکش نظاروں اور سہانے موسم کے ساتھ ساتھ ایک کلومیٹر طویل چیئرلفٹ پر بیٹھ کر خوب لطف اندوز ہورہے ہیں جبکہ بچوں کے لئے ٹوبنگ اور جمپنگ کی بھی سہولیات موجود ہیں ،سیالکوٹ ،آزاد کشمیر اور لاہور سے آئے سیاحوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے کہاکہ وادی مالم جبہ واقعی جنت نظیر وادی ہے جہاں موسم سہانا تو نظارے دلفریب ہیں اور اب یہاں سے جانے کو بالکل دل نہیں کرتا تاہم انہوں نے خستہ حال سڑکوں کی فوری تعمیر کا مطالبہ بھی کیا ،وادی مالم جبہ کے جنرل منجر پیر وارث شاہ نے خوشخبری سنائی کہ مالم جبہ میں فائیواسٹار ہوٹل بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کا افتتاح رواں سال جنوری میں ہوگا جس کے بعد ہوٹل سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا انہوں نے بتایا کہ کارپارکنگ کے لئے بھی ساڑھے تین سو کنال اراضی حاصل کی گئی ہے تاہم انہوں نے کہاکہ سڑک کی عدم تعمیر اور بجلی کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے اگر یہ سہولیات دی جائیں تو یہاں کی سیاحت پروان چڑھ سکتی ہیں۔