واشنگٹن/بیجنگ(این این آئی)امریکہ کی دونوں سیاسی جماعتوں، ری پبلیکن اور ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے 17قانون سازوں کے ایک گروپ نے ٹرمپ انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ چین کے ان اعلی عہدے داروں پر پابندیاں لگائے جن پر دور افتادہ علاقے شن جانگ میں مسلم نسلی اقلیت کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قانون سازوں کے گروپ نے وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر خزانہ سٹیون منوچن کو خط بھیجا جس میں کہا گیا کہ مغربی خود مختار علاقے میں لاکھوں ویگر اور دوسرے نسلی مسلمان قید و بند، ایذا رسانی، مذہبی رسومات و عقائد کی ادائیگی اور ثقافت پر بڑے پیمانے کی پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ادھربیجنگ میں چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن یانگ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے امریکی قانون سازوں کے مطالبوں کو مسترد کر دیا۔