میہڑ (نامہ نگار) میہڑ میں خاندانی تنازع پر بھتیجے نے چچا بیٹے سمیت مار دیا۔ واقعہ کے بعد فریقین مورچہ زن ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میہڑ تحصیل کے کچے کے علاقے نو گوٹھ میں معروف درگاہ سعدی موسانی اور صدر الدین شاہ کے مزار کی طرف جانے والی روڈ پر مین بازار میں لاکھیر برادری کے دو گروپوں میں پرانی دشمنی پر ایک گروپ کے بھتیجے حیات لاکھیر نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ چچا کی پھولوں کی دکان پر حملہ اور فائرنگ کردی، اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں دکان مالک 55سالہ واحدبخش لاکھیر موقع پر دم توڑ گیا۔ جبکہ متوفی کے بیٹے امجد لاکھیر کو نازک حالت میں میہڑ اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے لاڑکانہ منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور تمام دکانیں بند ہو گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کچھ برس قبل مرکزی ملزم حیات کا بھائی فاضل ایک جھگڑے میں قتل ہوا تھا، جس کے قتل کا شک مقتول فریق پر تھا، جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ مقتول باپ اور بیٹے کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، لاشیں گھر سے نکالنے کے دوران ورثا زارو قطار روتے رہے، واقعے کے بعد دونوں فریق مورچہ زن ہو گئے، جس سے علاقے میں کشیدگی تھی۔نو گوٹھ پولیس نے چھاپہ مار کر مرکزی ملزم حیات کے والد غلام حیدر لاکھیر سمیت 5افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔