لاہور(نمائندہ امت) حریت کانفرنس جموں کشمیر کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نےحاجن اورکولگام اسلام آبادمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہیدکشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر ی نوجوان بھارتی تسلط سے آزای کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ امت کی رپورٹ کے مطابق علی گیلانی نے گزشتہ روز کولگام میں شہید نوجوان عمر رشید وانی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دینے اور جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران چھ لاکھ سے زائدکشمیریوں کوشہیدجبکہ لاکھوں کوجیلوں میں نظربند کیاگیا اور تعذیب خانوں میں حریت رہنماؤں اورنوجوان کوبدترین تشدداورغیرانسانی سلوک کا نشانہ بنایاگیا۔ کھربوں کی املا ک تباہ کی،کشمیری خواتین کی عصمتیں تارتارکی گئیں اورانہیں جنگی ہتھیار کے طورپراستعمال کیاگیا۔ انہوںنےکشمیریوں کواپنی صفوں میں اتحادواتفاق کوبرقراررکھنےاورتحریک دشمن عناصرکی نت نئی سازشوں سےخبرداررہنےکی اپیل کرتےہوئے کہا کہ بھارت کے جبری تسلط کے خلاف عوام اورحریت قیادت کی سطح پر صف بندی کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے کہاکہ وہ آج ہی سے کسی بھی قسم کے ڈھونگ انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کیلئے عوامی آگاہی مہم شروع کریں۔