اسلام آباد (نمائندہ امت) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔تا ریخ میں توسیع پاکستان ٹیکس بار ا یسوسی ایشن کے صدر عبدا لقادر میمن کی چیئرمین ایف بی آر سے گفتگو کے بعد کی گئی جس میں پاکستان ٹیکس با رکی طرف سے چیئرمین ایف بی آ ر سے تاریخ میں توسیع کی درخواست کی گئی تھی ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب 31اگست کے بجائے 30ستمبر تک ٹیکس ریٹرن جمع کرائے جا سکیں گے۔ اس سے قبل مختلف حلقوں کی طرف سے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا جا رہا تھا جبکہ پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایف بی آر کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے صرف 11روز دیے گئے تھے اور اس میں کئی روز عید کی تعطیلات کی نذر ہو گئے۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 16اکتوبر اور مختلف کاروباری اداروں کے لیے 16نومبر کی جائے تاہم ایف بی آر نے یہ مطالبہ تسلیم نہیں کیا اور دونوں ہی طبقوں کے لیے 30ستمبر تک توسیع کی ہے۔