ضمنی الیکشن میں 7لاکھ32ہزار اوورسیز پاکستانی ووٹ ڈال سکیں گے

اسلام آباد(آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد ندیم قاسم نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے موقع پر ان حلقوں سے تعلق رکھنے والے 7لاکھ 32ہزار سمندر پار پاکستانی ووٹ کا حق استعمال کرسکیں گے،انٹرنیٹ ووٹنگ کا تجربہ کامیاب ہونے کی صورت میں الیکشن کمیشن انتخابی نتائج میں اس کو شامل کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گا،سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ الیکشن ایکٹ 2017میں کیا گیا ہے اور جو سیاسی رہنما اس پر تنقید کر رہے ہیں انہوں نے کمیٹی کے اجلاسوں میں اس کی حمایت کی تھی ،زائد المیعاد پاسپورٹ رکھنے والے سمندر پار پاکستانی انٹرنیٹ ووٹنگ میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہونگے،آن لائن رجسٹریشن یکم ستمبر کی شب12بجے سے 15ستمبر کی شب12بجے تک جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے تجرباتی پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے انہوں نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ان حلقوں کے انتخابی فہرستوں میں موجود سمندر پار پاکستانی ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے اور اس مقصد کیلئے الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر سمندر پار پاکستانیوں کی آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ رجسٹریشن 15ستمبر تک جاری رہے گی انہوں نے کہاکہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے نئے سرے سے انتخابی فہرستوں میں شامل نہیں کیا گیا ہے بلکہ یہ پہلے سے ہی انتخابی فہرستوں کا حصہ ہیں اور رجسٹریشن ختم ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں ان کے نام پریزائیڈنگ افسران کے پاس موجود فہرستوں سے حذف کر دئیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ انتخابات سے 12یا 24گھنٹے قبل تمام رجسٹرڈ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے خصوصی پاس ورڈ ان کی جانب سے رجسٹرڈ ای میل آئی ڈی پر بھیج دئیے جائیں گے اور انتخابات کے روز وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کرسکیں گے انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ ووٹنگ ایک تجرباتی پراجیکٹ ہے جس کو مکمل کرنے کے بعد نادرہ اس کی کامیابی یا ناکامی کے حوالے سے رپورٹ دے گا جیسے پارلیمنٹ میں پیش کردیا جائے گا انہوں نے کہاکہ اگر انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم کامیاب رہا تو الیکشن کمیشن کو اس کا اختیار ہے کہ وہ اس کے نتائج حلقوں کے حتمی رزلٹ میں شامل کردے یا نہ کرے۔انہوں نے کہاکہ ان حلقوں سے تعلق رکھنے والے سمندر پار پاکستانیوں جن کے پاس نادرہ کی جانب سے جاری کردہ نائیکوپ اورکارآمد پاسپورٹ موجود ہوگا وہی انٹرنیٹ ووٹنگ کا اہل تصور کیا جائے گا جن پاکستانیوں کے پاسپورٹ زائد المیعاد ہوچکے ہیں انہیں ووٹ دینے کا حق حاصل نہیں ہوگا انہوں نے کہاکہ انٹرنیٹ ووٹنگ کا پروگرام نادرہ کی جانب سے تیار کیا گیا ہے اور بیرون ممالک موجود سفارت خانوں کے ذریعے ان ممالک میں موجود پاکستانیوں کو انٹرنیٹ ووٹنگ میں حصہ لینے کیلئے اگاہی پروگرام بھی شروع کر دیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن اور ااورسیز پاکستان کی ویب سائیٹ پر بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کیلئے رجسٹریشن ،ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار سمیت تمام معلومات اردو اور انگریزی زبان میں لکھے گئے ہیں تاکہ انہیں سمجھنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہاکہ انٹرنیٹ ووٹنگ پر جو سیاسی جماعتیں اعتراضات کررہی ہیں انہوں نے ہی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے الیکشن ایکٹ 2017میں اس کی حمایت کی تھی۔

Comments (0)
Add Comment