کراچی(اسٹاف رپورٹر) بینکنگ کورٹ سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں نامزد ملزم سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے عبوری ضمانت کے لئے رجوع کرلیا ، آصف علی زرداری کی عدالت پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے معائنہ اور کلیئر قرار دینے کے بعد عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے آصف علی زرداری کو 20 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے عبوری ضمانت منظور کرلی ، عدالت نے آصف زرداری کو 4 ستمبر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے ۔جمعہ کے روز بینکنگ کورٹ سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں نامزد ملزم سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے عبوری ضمانت کے لئے رجوع کیا گیا ، وہ اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ، ان سے پیشی سے قبل عدالت کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، درجنوں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا ، اس کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے عدالت کا معائنہ کیا گیا ، معائنہ کے لئے سراغ رساں کتے کی مدد بھی لی گئی تھی ، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے عدالت کا معائنہ کرنے کے بعد کلیئر قرار دیا گیا ۔ بعد ازاں سابق صدر آصف زرداری اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ، آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی جانب سے آصف زرداری کی عبوری ضمانت کی درخواست جمع کرائی گئی ، درخواست میں بتایا گیا کہ آصف علی زرداری کیخلاف 6 جولائی 2018 کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد علی آبڑو کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا جس میں یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ اے ون انٹر نیشنل کمپنی کے اکاؤنٹ سے میسرز زرداری گروپ ( آصف زرداری اور فریال تالپور )کے اکاؤنٹ میں دیڑھ کروڑ روپے منتقل کئے گئے ، مقدمہ میں 10 افراد کو نامزد کیا گیا مگر مقدمہ میں آصف زرداری کو بطور ملزم نامزد نہیں کیا گیا ہے ۔درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ محمد علی آبڑو کی جانب سے 21 جولائی 2018 کو مقدمہ الزام نمبر 43/2018 کا عبوری چالان جمع کرایا جس میں انہوں نے آصف علی زرداری کو مفرور قرار دیا جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت کے لئے رجوع کیا جہاں عدالت نے ان کی 3 ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کی اور انہیں متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا ۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف علی زرداری بے قصور ہیں جبکہ مقدمہ میں بھی انہیں بطور ملزم نامزد نہیں کیا گیا ہے اس کے باوجود اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے انہیں عبوری چالان میں مفرور قرار دیا۔آصف علی زرداری کو سیاسی رنجش کی بناء پر نامزد کیا گیا، استدعا ہے کہ عبوری ضمانت منظور کی جائے۔