جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ احتجاجاً بند

کابل/جلال آباد (امت نیوز) گورنر ننگر ہار کی بیجا مداخلت پر جلال آباد میں واقع پاکستانی قونصل خانہ احتجاجاً بند کردیا گیا ،جبکہ افغان طالبان نے غزنی پر حملے میں پاکستانی مدد کا حکومتی دعویٰ مسترد کر دیاہے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے شہر جلال آباد میں واقع پاکستانی قونصل خانہ احتجاجاً بند کردیا گیا۔ اقدام گورنر ننگر ہار حیات اللہ حیات کی جانب سے بلا جواز مداخلت اور قونصلیٹ امور میں رکاوٹیں ڈالنے پر بطور احتجاج کیا گیا ہے۔ کابل میں پاکستان کے سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گورنر ننگر ہار کی قونصل خانے کے معاملات میں بیجا مداخلت افسوس ناک اور ویانا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں افغان وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قونصل خانے کے امور میں بلا جواز مداخلت بند کی جائے اور اس کی سیکورٹی کیلئے اطمینان بخش انتظامات کئے جائیں۔ واضح رہے کہ صوبہ ننگر ہار کے گورنر نے جمعرات کوقونصل خانے جاکر پاکستان جانے کے خواہشمند افغان شہریوں کیلئے ویزا اجرا کے معاملے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment