نیب قانون کے تحت نواز-مریم-صفدرکی سزائوں کیخلاف درخواستیں خارج

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک/خبر ایجنسیاں)لاہور ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو دی جانے والی سزاؤں کے خلاف دائر درخواستوں کو خارج کردیا۔جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں جسٹس عاطر محمود اور جسٹس شاہد جمیل خان پر مشتمل 3 رکنی فل بینچ نے لائرز فاؤنڈیشن فارجسٹس اور دیگر کی جانب سے دائر متفرق درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔دوران سماعت نیب کے وکیل نے کہا کہ ان سزاؤں کی قانونی حیثیت موجود ہے جبکہ 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد اس کی قانونی حیثیت برقرار ہے اور وفاقی حکومت کے وکیل نے بھی اس بات کی تائید کی۔اس کے علاوہ نیب اور وفاقی حکومت کے وکلاء کی جانب سے کہا گیا کہ درخواست گزار براہ راست متاثرہ فریق نہیں ہیں۔عدالت نے نیب اور وفاقی حکومت کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے نیب آرڈیننس کو کالعدم قرار دینے اور نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزاؤں کے خلاف درخواستوں پر مختصر فیصلہ سنایا۔عدالت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سزاؤں کے خلاف درخواستیں خارج کردیں جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے نیب آرڈیننس کو کالعدم قرار دینے کی درخواست بھی خارج کی۔واضح رہے کہ نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزاؤں کی معطلی کی ایک درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی دائر ہے جس پر عدالت نے سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کررکھا ہے جو عدالت نے 20 اگست کو سنانے کی بجائے مؤخر کردیا۔

Comments (0)
Add Comment