کراچی(اسٹاف رپورٹر) اساتذہ نے متاثرہ بچے محمد عمر کی زندگی بھر کے لئے تعلیم مفت کر نے کا اعلان کردیا ہے۔ ہائی ٹینشن وائر سے زخمی ہونے والا 8سالہ محمد عمر کے غم میں اس کے اساتذہ بھی برابرکے شریک ہیں ۔ اساتذہ نے مشترکہ فیصلہ کیا کہ زخمی ہونے والے عمر کو زندگی بھر مفت تعلیم دی جائے گی۔ اس حوالے سے متاثرہ بچے عمر کے والد محمد عارف سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں عمر کی اسکول کی خاتون پرنسپل اور دیگر اساتذہ کا فون آیا تھا انہوں نے عمر سے بات کی بھی اور عمر کی خیرت دریافت کی،عمر کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔ انہوں نے بتایا کہ عمر کی اسکول پرنسپل نے مجھے فون پر کہا ہے کہ جب عمر صحت یاب ہوکر گھر آجائے گا تو اس سے ملاقات کے لیئے آئیں گے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب عمر کی تعلیم بالکل مفت ہے وہ جب چاہے اسکول آکر اپنی پڑھائی دوبارہ سے شروع کرسکتا ہے جس کی فیس اس سے کبھی نہیں لی جائے گی۔