جکارتہ (امت نیوز) ایشین گیمز کے ہاکی مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو1-2 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا ۔ بلیو شرٹس کی طرف سے آکاش دیپ سنگھ اور ہرمن پریت سنگھ نے ایک، ایک بار گیند کو جال کے اندر پھینکا جبکہ پاکستان کی طرف سے واحد گول عتیق نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز کے تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 1-2 سے زیر کرکے وکٹری اسٹینڈ پر جگہ بنالی۔ بھارتی ٹیم نے ابتدا میں ہی جارحانہ انداز اپنایا اورتیسرے منٹ میں ہی آکاش دیپ سنگھ گول کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ 52ویں منٹ میں ہرمن پریت سنگھ نے دوسرا گول کیا صرف 2منٹ کے بعد عتیق نے پاکستان کی طرف سے گول کر کے اسکور1-2 کر دیا۔ سیمی فائنل میں جاپان نے گرین شرٹس کو ایک گول سے ہرایا تھا۔