جوڈیشل مجسٹریٹ کا تھانے پر چھاپہ-نوجوان بازیاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عدالتی حکم پر مجسٹریٹ نے شارع نور جہاں تھانے پر چھاپہ مار کرنوجوان کو بازیاب کرالیا، پولیس نے نوجوان کو منشیات فروشوں سے رابطے رکھنے کے الزام میں پکڑا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے شارع نور جہاں تھانے پر چھاپہ مار کر زیر حراست نوجوان احسن ولد جاوید کو بازیاب کر لیا، جسے گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ مجسٹریٹ کے حکم پر احسن کو طبی معائنے کیلئے عباسی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایس ایچ او شارع نورجہاں اعجاز پٹھان نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ مجسٹریٹ کے چھاپے کے دوران تھانے سے بازیاب ہونیوالے احسن کو منشیات فروشوں سے رابطے رکھنے پر 154 کے تحت حراست میں لیا گیا تھا اور پولیس احسن سے منشیات فروشوں کے ٹھکانوں کی معلومات لے رہی تھی کہ مجسٹریٹ نے آکر اسے رہا کروادیا۔

Comments (0)
Add Comment