کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسدادہشت گردی کی خصوصی عدالت نے دہشت گردوں کو پناہ دینے اور علاج معالجے کی فراہمی سے متعلق کیس میں میئر کراچی وسیم اختر سمیت تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے ۔ہفتے کے روز انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سماعت کے موقع پر ڈاکٹر عاصم،انیس قائم خانی،قادر پٹیل اورعثمان معظم پیش ہوئے جبکہ رؤف صدیقی بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہ ہو سکے، ایس ایس پی ساؤتھ نے ڈاکٹر عاصم کی جے آئی ٹی رپورٹ پیش کی جسے عدالت نےریکارڈ پر رکھتے ہوئے آئندہ سماعت پر مئیر کراچی سمیت تمام ملزمان کو طلب کرلیا ۔ عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں ملزم متحدہ رہنما رؤف صدیقی کی ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ، عدالت نے آتشزدگی میں جاں بحق افراد کے لواحقین میں سے مزید 4گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے 8ستمبر کو مزید گواہوں کو طلب کرلیا ہے ۔ سماعت کے موقع پر جیل حکام کی جانب سے ملزمان رحمان بھولا اور زبیر چریا کو پیش کیا گیا دریں اثنا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پانامہ کیس کی جے آئی ٹی اور عدلیہ کو دھکمیاں دینے سے متعلق کیس میں ملزم نہال ہاشمی کی عبوری ضمانت کی توثیق کردی، 16ستمبرکو سماعت پر نہال ہاشمی پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔