مولانافضل الرحمٰن اعتزاز کے مقابلے میں دستبردار ہو سکتے ہیں- زرداری

کراچی/ اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدر اور شریک چیئرمین پی پی آصف زرداری نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن کے مقابلے میں مولانا فضل الرحمان دستبردار ہوسکتے ہیں جبکہ اپوزیشن کے نامزد صدارتی امیدوارمولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن ایسے دولہا ہیں جسے نہ گھر والے مان رہے ہیں نہ سسرال والے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن کی دستبرداری کا فیصلہ ایک اور ان کی دستبرداری کا فیصلہ 10 جماعتوں نے کرنا ہے۔ پروگرام میں گفتگو میں پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے کہا کہ صدارتی انتخاب میں آصف زرداری سینیٹ الیکشن والی ترکیب نہیں دہرائیں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے بعض ارکان نے انہیں ووٹ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ دریں اثنا اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے پارلیمنٹ لاجز میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل سے ملاقات کی اور صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کو ووٹ دینے کی درخواست کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اختر مینگل نے کہا ہم ایسا فیصلہ کرنے کی کوشش کریں گے جس سے وفاق مضبوط ہو۔ ادھرتحریک انصاف کے نامزدصدارتی امیدوار عارف علوی نے لاہور میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی۔پرویز الٰہی نے عارف علوی کو ق لیگ کی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

Comments (0)
Add Comment