وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو ناراض کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے کی چھٹی

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) چیئرمین عشرت علی کو وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو چیئرمین سی ڈی اے کے لیے مخصوص گھر کی الاٹمنٹ میں رکاوٹ ڈالنا مہنگا پڑ گیا۔وفاقی حکومت نے گریڈ 21 کے افسر عشرت علی کو تبدیل کر کے ڈائریکٹر پاسپورٹ اینڈ ایمیگریشن تعینات کر دیا جبکہ ان کی جگہ افضل لطیف کو نیا چیئرمین سی ڈی اے تعینات کیا گیا ہے۔ وزارت ہاؤسنگ کے ادارے اسٹیٹ آفس نے وفاقی دارالحکومت کے پوش علاقے سیکٹر ایف سیون تھری میں واقع چیئرمین سی ڈی اے کے لیے مخصوص بنگلہ 12 اے سی ڈی اے کی اجازت کے بغیر ہی وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو الاٹ کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سی ڈی اے حکام نے اسٹیٹ آفس کی جانب سے اعظم خان کو کی گئی الاٹمنٹ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مذکورہ بنگلے کا قبضہ دینے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد سی ڈی اے اور اسٹیٹ آفس کے مابین اختلاف سامنے آیا ۔ اسٹیٹ آفس حکام کا دعویٰ تھا کہ مذکورہ بنگلہ ان کے پول میں ہے، اس لیے یہ الاٹمنٹ درست ہے جبکہ سی ڈی اے حکام کا موقف تھا کہ یہ بنگلہ سی ڈی اے چیئرمین کے لیے مخصوص اور سی ڈی اے کے پول میں ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں موجود سرکاری مکانات کی الاٹمنٹ سی ڈی اے اور اسٹیٹ آفس دونوں کرتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان نے جمعہ کے روز مذکورہ بنگلے کا قبضہ حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم ڈیوٹی پر موجود سی ڈی اے کے انکوائری افسر نے انہیں انکار کر دیا اور انہیں بتایا کہ وہ چیئرمین سی ڈی اے کے لیے مخصوص بنگلے کو حاصل کرنے کا استحقاق نہیں رکھتے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین عشرت علی کو تبدیل کر کے وزارت داخلہ میں ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ لگا دیا گیا جبکہ ان کی جگہ گریڈ 21 کے آفیسر افضل لطیف کو نیا چیئرمین سی ڈی اے تعینات کر دیا گیا ہے ۔پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروسز کے گریڈ 21 کے افسراسٹیبلشمنٹ ڈویژن کےایڈیشنل سیکرٹری افضل لطیف کو سی ڈی اے آرڈیننس کی شق 6(1)کے تحت ممبر سی ڈی اے بورڈ تعینات کیا گیا اور تعیناتی کے فوری بعد انہیں اسی آرڈیننس کی شق 6 (2) اور (3) کے تحت چیئرمین سی ڈی اے کا عہدہ بھی تفویض کر دیا گیا ۔ ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 20 کے افسر عامر احمد علی کو ڈی جی پاسپورٹ کے عہدے سے تبدیل کرتے ہوئے جوائنٹ سیکرٹری اکنامک افئیر ڈویژن لگا دیا گیا ہے۔ سی ڈی اے ذرائع کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے کیلئےمختص مذکورہ بنگلہ 5 برس سے سابق چیئرمین سی ڈی اے ندیم حسن کے قبضے میں ہے۔ ندیم حسن چیئرمین سی ڈی اے کے عہدے سے ترقی پا کر سیکرٹری وفاقی کابینہ بنے اور ریٹائرمنٹ کے بعد ممبر پبلک سروس کمیشن کے طور پر کام کر رہے ہیں لیکن انہوں نے بطور چیئرمین سی ڈی اے ملنے والی رہائش تاحال قبضے میں رکھی ہوئی ہے حالانکہ اب وہ سرکاری رہائش رکھنے کا استحقاق نہیں رکھتے۔ سی ڈی اے ذرائع کے مطابق کل 7 بنگلے سی ڈی اے ممبران کے لیے مختص ہیں اور ماسوائے ایک کوئی بھی بنگلہ سی ڈی اے کے پاس موجود نہیں۔ ان بنگلوں پر سابق سی ڈی اے افسران اور اعلیٰ پولیس افسران قابض ہیں۔

Comments (0)
Add Comment