کراچی(اسٹاف رپورٹر) اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے ضمانتی نے ان کی موجودگی میں 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بینکنگ کورٹ میں جمع کرادیئے ۔ جن پر ضامن عاشق حسین زرداری اور شریک پی پی چئیرمین نے دستخط کئے۔ پیشی کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے ۔ درجنوں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ۔اسی کیس میں بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے داماد زین ملک کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی گئی۔ملزم کو 10 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے عدالت نے ملزم کی درخواست پرگرفتاری وارنٹ کیخلاف ایف آئی اے کو نوٹس بھی جاری کردیئے۔سماعت کے دوران وکیل صفائی اظہر صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ زین ملک نے ایف آئی اے سے تعاون کیا اور بیرون ملک سے آکر اپنا بیان ریکارڈ کروایا،اس کے باوجود ان کا نام چالان میں ڈالا گیا اور گرفتاری وارنٹ ایشو کیے گئے،استدعا ہے کہ ان کے وارنٹ کو معطل کیا جائے، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ہم ایسا نہیں کر سکتے ، آپ یا تو حفاظتی ضمانت لیں یا اسلام آباد ہائی کورٹ سے وارنٹ معطل کروائیں،اگر آپ ضمانت نہِیں لے رہے تو ہم زین ملک کو فوراً کسٹڈی میں لے لیتے ہیں، جس پر زین ملک کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی جو منظور کر لی گئی۔دریں اثنا بینکنگ کورٹ میں پیشی کےدوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ جس ملک میں چیف جسٹس چھاپے مارے تو اس پر ہم کیا کہیں گے۔انہیں چاہئے کہ مقدمات پر بھی توجہ دیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ آپ کو چیف جسٹس کے دوروں پر اعتراض ہے ، شرجیل میمن کے کمرے سے شراب بر آمد گی ٹھیک ہے ؟جس پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے صرف یہ پتا ہے سپریم کورٹ میں اور بھی پانچ ہزار کیسز ہیں، یا لاکھ کیسز ہیں ان پر بھی زور ہونا چاہیے۔ صحافی نے سوال کیا کہ سنا ہے صدارتی انتخاب ون ٹو ون ہوگا آپ اعتزاز احسن کو دستبردار کرالیں گے ؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے مولانا دستبردار ہوجائیں ،صحافی نے سوال کیا کہ آپ آج پھر گاڑی پر آئے ہیلی کاپٹر سستا ہوگیا ہے جس پران کا کہنا تھا کہ سنا ہے پچاس پچپن روپے کا ہوگیا ہے لیکن کیا کریں ابھی بات چیت ہورہی ہے دیکھیں کب ملتا ہے۔