نندی پور پاوراسکینڈل میں نیب کی بابر اعوان سے 3گھنٹےپوچھ گچھ

راولپنڈی( امت نیوز)نندی پور پاور سکینڈل کی تحقیقات میں مشیر حکومت برائے پارلیمانی امور بابراعوان گزشتہ روز نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہو گئے جہاں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے بابر اعوان سے3 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ۔اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے انہوں نے نندی پور منصوبے میں تاخیر سے متعلق تمام الزامات مسترد کر دیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ3 گھنٹوں کی پوچھ گچھ کے دوران نیب حکام نے بابر اعوان سے سوال کیا کہ پیپلزپارٹی دور میں آپ وزیرقانون تھے، اس دوران نندی پور منصوبے میں تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ کیا آپ منصوبے میں تاخیر کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں جس پر انہوں نے جواب میں کہا کہ بحیثیت وزیر قانون انہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ منصوبے میں تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں کانقصان میری وجہ سے نہیں ہوا الزامات درست نہیں ہیں منصوبے کی تاخیر سے میرا کوئی تعلق نہیں، تمام الزامات مسترد کرتا ہوں۔واضح رہے کہ بابراعوان کے بیان کے بعد نیب اپنی رپورٹ دوبارہ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مولا بخش چانڈیو نندی پور پاور منصوبے کی تحقیقات میں اپنا بیان پہلے ہی ریکارڈ کراچکے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment