کابل(امت نیوز)امریکی فوج نے3 بچوں سمیت مزید7 افغان شہری شہید کر دیئے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی فوج نے صوبہ کابل ضلع پغمان کے ارغندی کے علاقے سرہ قلعہ کے مقام پر گھروں پر چھاپہ مار کر 4 بیگناہ شہریوں کو شہید جبکہ 6 کو گرفتار کرلیا۔امریکی فوجیوں نے صوبہ کنڑ ضلع سوکی کے یوگل درہ کے علاقے میں بھی ایک خاندان کے دو بچوں کو شہید کیا جبکہ صوبہ لوگر کے صدر مقام پل عالم شہر کے پاتخواب شانہ گاؤں کو مارٹرگولوں کا نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں ایک بچہ شہید جبکہ متعدد خواتین اور بچے زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں صوبہ بدخشاں کے ضلع درایم کےیامچیان کے علاقے میں طالبان سے جھڑپوں میں 2افغان فوجی ہلاک ہو گئے۔صوبہ لوگر کے صدر مقام پل عالم شہر کے خدر کے علاقے شیرداد قلعہ کے قریب بم دھماکے سے ٹینک تباہ اور اس میں سوار دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔ ضلع برکی برک کے باغک کے علاقے میں طالبان حملے میں 6افغان فوجی ہلاک ہو گئے۔ادھر افغان فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ پکتیا کے ضلع سید آباد کے مضافات میں زرگل کے علاقے میں امریکی بمباری سے30طالبان جاں بحق اور22زخمی ہو گئے۔