احتساب کے نام پر کسی کی سیاست ختم نہیں کی جاسکتی – شہباز شریف

لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ احتساب کو انتقام بنا کر کسی کی سیاست ختم نہیں کی جا سکتی ، انتخابات سے قبل جو صورتحال طاری کی گئی اس کے باوجود عوام نے ہمارے اوپر اعتماد کیا ، مشکل وقت عوام سے ہمارا رشتہ ختم نہیں کر سکتا اور انشا اللہ اچھا وقت بھی آئے گا ، عمران خان نے عوام سے وعدے کئے ہیں اور اب وہ ڈلیور کر کے دکھائیں ۔ نجی ٹی وی کے مطابق غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے جو100روز کا پلان دیا ہے بطور اپوزیشن جماعت اس پر گہری نظر ہے اور مقررہ وقت کے بعد اس پر بھرپور پریس کانفرنس کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کو انتقام بنا کر کسی کی سیاست کو ختم نہیں کیا جا سکتا ۔ انتخابات سے قبل جو صورتحال طاری کی گئی اس کے باوجود عوام نے ہم پر اعتماد کیا اور ہماری مقبولیت کم نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات سلانے یا دبانے کے لئے نہیں آتیں بلکہ جگانے کے لئے آتی ہیں ۔ مشکل وقت عوام سے ہمارا رشتہ ختم نہیں کر سکتا اور انشا اللہ اچھا وقت آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کے بعد اب تحریک انصاف کی حکومت ہے اور عمران خان نے بڑے دعوے کئے تھے اب وہ ڈلیور کر کے دکھائیں ۔ ہماری حکومت نے ملک سے توانائی بحران ختم کیا اور 11ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی ہم ان کی کارکردگی بھی دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ انتخابات کے بعد دھاندلی پر احتجاج کرتے رہے ہیں لیکن اب خاموش کیوں ہیں؟ ۔ ہم جمہوری نظام کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے پارٹی کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کرکے صدارتی اور ضمنی انتخابات سمیت مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

Comments (0)
Add Comment