اسلام آباد(نمائندہ امت)پاکستانی افسران کو یورپ لے جانے کیلئے غیر رجسٹرڈ تنظیم کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔وزارتِ خارجہ نے پاناما پیپرز کیس کی انکوائری کرنے والی جے آئی ٹی کے سربراہ ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیا اور اصغر خان کیس کی انکوائری کرنے والی ٹیم کے سربراہ احسان صادق سمیت 10 اعلیٰ افسران کو روک دیا۔ دستاویزات کے مطابق وزارت داخلہ اور ایف آئی اے حکام کو3 سے7 ستمبر تک آسٹریا میں ہونے والی چار روزہ ٹریننگ پر جانا تھا۔انہوں نے ہفتہ کی صبح تین بجے روانہ ہونا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کو خط لکھا جس میں کہا گیاکہ فوری طور پر ٹریننگ پروگرام کو منسوخ کیا جائے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ یورپی یونین کی فنڈنگ سے چلنے والی غیر قانونی ہجرت کے خلاف تنظیم ہمارے پاس رجسٹرڈ نہیں جبکہ معتدد بار استفسار کے باوجود یورپی تنظیم نے ٹریننگ کی تفصیل اور نوعیت کے حوالے سے وزارت خارجہ کو نہیں بتایا گیا۔ جب تک یورپی تنظیم کی قانونی حیثیت کے بارے میں فیصلہ نہیں ہوجاتا وزارت داخلہ اس سے کسی قسم کا تعاون نہ لے، دستاویز کے مطابق وزارت داخلہ اور ایف ائی اے حکام کی ٹریننگ پر جانے کی منظوری نگران وزیر داخلہ نے دی تھی اسٹریا میں ہونے والی ٹریننگ کا تمام خرچ یو این کے مبصر ستیٹس کی حامل یورپی تنظیم برداشت کر رہی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے وزارت داخلہ سے وضاحت بھی طلب کی ہے کہ یہ غیر رجسٹرڈ تنظمیں کس مقاصد کے لیے ٹریننگ دے رہی ہیں۔