ہالینڈ میں افغان نوجوان کے چاقو حملے سے 2 امریکی زخمی

ایمسٹرڈیم( امت نیوز/مانیٹرنگ ڈیسک)ہالینڈ میں چاقو سے حملہ کر کے2افراد کوزخمی کرنے کے الزام میں19سالہ افغان نوجوان کو گرفتار کرلیاگیا۔ڈچ وزیراعظم نے واقعے کوبزدلانہ قرار دیاہے ،جبکہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا اعلان کرنے والے ملعون گیرٹ ولڈرز نے ایک بار پھر اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کردی۔ حکومت اور اپوزیشن کے رد عمل کے بعد ہالینڈ میں مسلمانوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا اندیشہ ہے۔ مغربی میڈیا کے مطابق ایمسٹرڈیم کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پرایک شخص نے مسافروں پرچاقو کے وار کیے ،جس کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔پولیس نے فوری طور پر حملہ آورکو ٹانگ پرگولی مار کر گرفتار کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا ،جہاں اس سے تفتیش بھی جاری ہے۔ابتدائی طورپرپولیس نے دعویٰ کیا کہ 19 سالہ حملہ آور کاتعلق افغانستان سے ہے اوراس کے پاس جرمنی کا رہائشی پرمٹ موجود ہے۔اس دوران ہالینڈ میں امریکی سفیر پیٹ ہوکسٹرا نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں زخمی امریکی سیاح ہیں ،جنہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ،تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ بعد ازاں ہالینڈ کی پولیس نے مبینہ ملزم کی شناخت جاوید کے طور پر ظاہر کرتے ہوئے حملے کو دہشت گردی قرار دے دیا۔ ڈچ میڈیا کے مطابق جرمن پولیس نے جاوید کی رہائشگاہ پرچھاپہ مار کرکمپیوٹر، یو ایس بی اور اسمارٹ فون قبضے میں لے لیا ہے اور حملے کے مقاصد معلوم کئے جارہے ہیں۔ ملزم کو پیر کے روزہالینڈ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔عینی شاہدین کے مطابق جمعہ کو ایمسٹرڈیم کے پر ہجوم ریلوے اسٹیشن کے معلومات مرکز کی قطار میں کھڑے نامعلوم شخص نے وہاں موجود افراد پراچانک چاقو سے وار کئے ،جس سے ایک مسافر کے ہاتھ میں زخم آیا۔ بعد ازاں فائرنگ کی آواز آئی اورپولیس نے ریلوے اسٹیشن کو خالی کرا لیا۔اس وقت وہاں ہزاروں مسافر اور سیاح موجود تھے۔ڈچ پولیس نے ایک ٹوئٹ میں لکھاکہ حملے کے بعد پولیس نے مشتبہ شخص پر گولی چلائی۔ڈچ پولیس کے دوسرے شعبے نے قابو میں آنے کے باوجود ملزم کو گولی مارنے کی تحقیقات بھی شروع کر دی تھیں۔ یہ واقعہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی کے بعد پیش آیا اور ملعون گیرٹ ولڈرز نے ایک بار پھر اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کر دی ہے ،جبکہ ڈچ وزیر اعظم نے حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے چند منٹ میں حملہ آور کو قابو کر لیا ،جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت ہر طرح کی صورتحال کے لئے تیار ہے۔ اطلاعات کے مطابق حملے پر ہالینڈ کی حکومت اوراپوزیشن کےرد عمل کے بعدہالینڈ سمیت یورپ میں مسلمانوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا اندیشہ ہے۔ ملعون گیرٹ ولڈرز کو آج اتوار کے روز بیلجیم کے شہر انتورپ کا دورہ کرنا ہے۔ جہاں وہ دائیں بازوں کی جماعت کی طرف سے تارکین وطن کے خلاف منعقدہ تقریب میں شرکت کرے گا۔ اس موقع پر سیکورٹی کا درجہ 3 کر دیا گیا۔ سب سے زیادہ سیکورٹی چوتھے درجے کی ہوتی ہے۔

Comments (0)
Add Comment