راولپنڈی( آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات میں پارٹی کے امیدواروں کی حمایت نہ کرنے پر 4 مقامی رہنماوٴں کو نوٹسز جاری کردیے۔ اطلاعات کے مطابق لیگی قیادت کا خیال ہے کہ پارٹی کے امیدواروں کو مقامی رہنماوٴں کی حمایت نہ ملنے پر متعلقہ حلقوں سے الیکشن میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔جن رہنماوٴں کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے ان میں راجہ جہانداد خان، چوہدری ایاز، حاجی ظفر اقبال اور ضیاء اللہ شاہ شامل ہیں۔مذکورہ لیگی رہنماوٴں میں سے 2 راولپنڈی کنٹونمنٹ کے اراکین جبکہ 2 سابق رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔مقامی لیگی رہنماوٴں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ سینیٹر چوہدری نتویر خان کی قیادت میں ہونے والے پارٹی اجلاس میں کیا گیا جس میں میئر راولپنڈی اور مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سردار نسیم، سابق اراکنِ قومی اسمبلی ملک شکیل اعوان، ملک ابرار اور چوہدری اسامہ تنویر نے شرکت کی۔