حکومت سیٹ ہوجائے-راؤ کی سرپرستی ختم کرائیں گے- سیف الرحمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی گرینڈ جرگے کے مرکزی رہنما اور کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی سیف الرحمان محسود نے امت سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ نئے پاکستان کی نئی حکومت ابھی سیٹ ہورہی ہے اس کے بعد وہ وزیراعظم کے سامنے اس کیس کو رکھیں گے۔ قومی اسمبلی میں خود قرار داد پیش کریں گے اور ان کے ساتھی منتخب ہونے والے ایم پی اے سندھ اسمبلی میں قرار داد پیش کریں گے کہ زرداری ٹولہ راؤ انوار کی سرپرستی اب ختم کرے۔ پولیس کی راؤ انوار کو بچانے والی کالی بھیڑیں بے نقاب کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق آئی جی اے ڈی خواجہ اور دیگر افسران آفتاب پٹھان، ثناء اللہ عباسی، آزاد خان، سلطان خواجہ پر ہمیں اعتماد تھا۔جنہوں نے اس نقیب اللہ کیس کو ماورائے عدالت قتل قرار دیا تھا۔ راؤ انوار اور اس کے ساتھی شوٹرزکے بنائے گئے 424 مقدمات بھی جعلی ثابت ہوئے ۔ بعد میں سپریم کورٹ کی بنائی گئی جے آئی ٹی کے ایک اعلیٰ آفیسرنے عدم پیشی اور شواہد جمع نہ کراکے کیس خراب کردیا جس کے نتیجے میں راؤ انوار کو ضمانت پر رہائی ملی۔اطلاعات ہیں کہ اسے دوبارہ ایس ایس پی ملیر تعینات کیا جارہا ہے۔ جو ہمیں قبول نہیں۔زرداری کو بولتا ہوں کہ راؤ انوار بہادر بچہ نہیں ہے۔ بلکہ غلیظ انسان اور قاتل ہے۔ اس کے خلاف وہ انصاف نہ ملنے تک جنگ لڑتے رہیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت دوبارہ آگئی ہے وزیراعلیٰ سندھ اس کیس کو دیکھیں ورنہ وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ وہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ اس کیس کو دوبارہ دیکھیں اور میرٹ بنیاد پر نگرانی کریں ورنہ نقیب اللہ کے ورثاء اور 424 بے گناہ قتل ہونے والوں کے ورثاء کی امیدیں ٹوٹ جائیں گی۔ کراچی گرینڈ جرگے کے رہنما سفیر اللہ محسود اور خلیل الرحمن نے کہا کہ قاتل راؤ انوار ڈھٹائی سے کلف کا سوٹ پہن کر پیشی پر آتا ہے۔ ہم اسے اور اس کے قاتل ٹولے کو دوبارہ سرگرم ہونے نہیں دیں گے۔ بیگناہوں کے قتل کا حساب لے کر رہیں گے۔

Comments (0)
Add Comment