کراچی (امت نیوز)پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان نے کہا ہے کہ صدام حسین کو دو سال کیلئے قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے تاکہ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل رہے، پاکستانی فٹ بال پر تین قومی اور عالمی پابندی کے بعد قومی ٹیم نے ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم کے نئے برازیلین کوچ کا بھی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم حصہ ہے ہماری خواہش ہے کہ کپتان اور کوچ کے ساتھ مسلسل ہم آہنگی رہے۔میڈیاسے باتیں کرتے ہوئے احمد یار کا کہنا تھاکہ بنگلہ دیش میں ہونے والی ساف چیمپئن شپ کیلئے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔ امید ہے ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔احمد یار نے مزید کہا کہ صدام حسین سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ہیں، ٹیم کی کپتانی کیلئے ان سے بہتر چوائس نہیں تھی۔