کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، ایک ہفتے کے دوران 43 نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 816 تک جا پہنچی ہے، رواں برس اندرون سندھ کے مختلف اضلاع سے 47 اور دیگر تمام کیس کراچی سے رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ شہر میں ایک شہری کی ہلاکت بھی ہو چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام فار ڈینگی کی جانب سے ڈینگی کے سد باب کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ برس کے مقابلے میں کیسز رپورٹ ہونے کی شرح میں کمی تو آئی ہے تاہم تمام تر وسائل استعمال کئے جانے کے باوجود بیماری کو ختم نہیں کیا جا سکا۔ یکم جنوری 2018 سے اب تک صوبے بھر میں ڈینگی کے مجموعی طور پر 816 کیس سامنے آئے ہیں، جن میں سے 769 کراچی سے رپورٹ ہوئے، جن میں رواں سال ہونے والی ہلاکت بھی شامل ہے، جبکہ 47کیس سندھ کے دیگر اضلاع سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس میں ستمبر سے دسمبر تک اضافہ جاری رہتا ہے، اس لئے محکمہ صحت و بلدیات کو چاہیئے کہ ان ایام سے قبل ہی شہر میں اسپرے مہم چلائیں، تو وائرس کی موثر روک تھام ہوسکتی ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے، شہری گھروں میں پانی ڈھانپ کر رکھیں، مچھر بھگاؤ لوشن و مچھر دانیوں کے استعمال سمیت گھروں کے اطراف پانی کھڑا نہ ہونے دیں ۔