سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران پیر کو ضلع پلوامہ میں مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فیاض احمد وانی نامی نوجوان کو فوجیوں نے ضلع کے علاقے گوسو میں تلاشی اور محاصرے کی کاررائی کے دوران نہتے مظاہرین پر گولیوں ، پیلٹ گنوں اور آنسو گیس کا وحشیانہ استعمال کر کے شہید کیا۔ زخمیوں کو پلوامہ اورسرینگر کے ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیا۔اس سے قبل راشٹریہ رائفلز اور سینٹرل ریزروپولیس فورس اور پولیس اہلکاروں پر مشتمل بھارتی اہلکاروں نے ضلع پلوامہ کے 15دیہات میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی اور گھر گھر تلاشی لی ۔بھارتی فورسز کی کارروائی کے خلاف مقامی افراد آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ۔