تجاوزات کیخلاف آپریشن میں مہران ٹائون میدان جنگ بن گیا-2خواتین بیہوش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہران ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران مشتعل مظاہرین نے چمڑا چورنگی پر دھرنا دیکر احتجاج کیا۔مشتعل مظاہرین میں خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی۔مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے دوران علاقہ میدان جنگ بن گیا۔پولیس کی جانب سے شیلنگ کے باعث 2 خواتین بے ہوش ہوگئیں۔پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں 2 خواتین سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں کے ڈی اے انسداد تجاوزات کی ٹیم تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے پہنچی تو اس دوران سیکڑوں مظاہرین جن میں خواتین بھی شامل تھیں مشتعل ہوگئے اور انہوں نے چمڑا چورنگی پر دھرنادیتےہوئے کے ڈی اے انکروچمنٹ ٹیم کے خلاف احتجاج شروع کرتے ہوئے تجاوزات ہٹانےسےانکار کردیا، جس پر انکروچمنٹ ٹیم نے آپریشن جاری رکھا تو اس دوران درجنوں مشتعل مظاہرین نے انکروچمنٹ ٹیم کے خلاف چمڑا چورنگی سے بروکس چورنگی جانے والی سڑک پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر دھرنا دے دیا۔دھرنے کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح معطل ہوگئی ،جس سے بدترین ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔احتجاج کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے شیلنگ شروع کردی ،جس سے علاقہ میدان جنگ بن گیا۔مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں اور شیلنگ سے 2 خواتین بے ہوش ہوگئیں، تاہم مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کی مزید نفری کو بھی طلب کرلیا۔اس دوران پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں 2 خواتین سمیت 5 افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔اس موقع پر مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ متعلقہ پولیس اور کے ڈی اے کی انسداد تجاوزات کی ٹیم نے بغیر نوٹس دیئے اور پیشگی اطلاع کے ہم لوگوں کے گھر مسمار کئے ہیں۔مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے گھروں کو مسمار نہ کرنے کے حکم کے باوجود بھی انکروچمنٹ ٹیم نے پولیس کی موجودگی میں ہمارے گھروں کو مسمار کیا ،جبکہ پولیس 2 خواتین کائنات، ثمینہ اور محمد جواد، محمد فواد اور احسن نامی افراد کو حراست میں لے کر تھانے لے گئی۔ مذاکرات کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرکے ٹریفک کی روانی کو بحال کروادیا۔

Comments (0)
Add Comment