کراچی (اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹائون سے3روز قبل لاپتہ ہونے والے بہن بھائی10 سالہ عبدالرحمن اور 7 سالہ شبنم بلدیہ ٹاؤن سے لاوارث حالت میں باحفاظت مل گئے، جس پر گھر کی خوشیاں لوٹ آئی ہیں۔ اہلخانہ کے مطابق بچے راستہ بھول جانے پر بلدیہ چلے گئے تھے، جہاں سے انہیں گھر لے آئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھر والوں کی عدم توجہی اور مدرسے میں مار پڑنے پر رحمان اپنی بہن شبنم کے ہمراہ گھر سے بھاگا تھا۔ دوسری جانب بریگیڈ کے علاقے لائنز ایریا سے لاپتہ ہونے والی 7سالہ بشریٰ کا تاحال کچھ پتا نہیں چل سکا ہے، پولیس بچی کی گمشدگی پر مقدمہ درج کرکے اغوا اور ذاتی رنجش کے شبے میں مغویہ کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔