کراچی(امت نیوز)پاک بحریہ کے اعلیٰ سطح کے تحقیقاتی بورڈ نے بحری جنگی مشق کے دوران ہونے والے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے حادثے میں بحریہ کے ایک اہلکار کے شہید ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا۔ تاہم بی بی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کو پیش آنے والے حادثے میں 4افراد شہید ہوئے۔ بی بی سی کے مطابق حادثے کے وقت پاک بحریہ کا سی کنگ ہیلی کاپٹر جنگی مشق کے دوران جہاز پی این ایس ذوالفقار سے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ مقامی ٹیلی وژن کی ایک ٹیم بھی یہ منظر فلم بند کر رہی تھی۔اسی دوران اچانک ہیلی کاپٹر توازن کھوبیٹھا اور وہ پی این ایس ذوالفقار سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے وقت پی این ایس ٹیپو بھی حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کے قریب تھا۔