عدم پیشی پر اسٹار فش میل سمیت 30کمپنیز حکام کے وارنٹ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)واٹر کمیشن نے احکامات کے باوجود پیش نہ ہونے پر اسٹار فش میل،قدیر فش میل ،میرین سی فوڈ،داد اینڈ سن ،شاہین ای این ٹی ، مناف اے پی سی، بون اور مکرم ایف ایم سمیت 30کمپنیوں کے حکام کے 6 ستمبر کے لیے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔واٹر کمیشن نے اٹارنی جنرل آف پاکستان ،ڈپٹی اٹارنی جنرل ،وفاقی سیکریٹری سائنس اور چیئرمین پی سی آر ڈبلیو آرکو 17ستمبر کے لیے بھی نوٹس جاری کردئیے ہیں اور چیئرمین پی سی آر ڈبلیو آرکو آئندہ سماعت پر جواب بھی داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔پیر کو واٹر کمیشن کے سر براہ و جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے سندھ بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے سماعت کی۔ واٹر کمیشن نے نواب شاہ میں فلٹریشن پلانٹ کے حوالے سے سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو چیف سیکریٹری کے ساتھ ملکر معاملہ 3 دن میں حل کرنے کا بھی حکم دیا ہے جبکہ کمیشن نے ڈی جی سیپا کو غلط بیانی کرنے پر تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود ذمے دار ہوں گے ،کمیشن نے جامشورو پمپنگ اسٹیشن میں کام نہ ہونے سے متعلق ایگزیکٹو انجینئر کو پمپنگ اسٹیشن میں کام کرانے کے لئے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔کمیشن کو میسرز شجرہ فش میل کے مظفر علی شجرہ ،میسرز ایوب بلوچ کے بدر ایوب ،ووڈ کٹنگ فیکٹری کے مالک عمران اور میسرز خیبر فش میل کے منیجر فضل سبحان سمیت17کمپنیوں نے 2ماہ میں اسپیٹک ٹینک لگانے کی یقین دہانی کر وادی ہے۔کمیشن نے گروپ آف انڈسٹریز میسرز میکس کو پرائیوٹ لمیٹڈ کو رسائی کی اجازت نہ دینے پر 6ستمبر کے لیے 50ہزار روپے کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی ہے۔

Comments (0)
Add Comment