کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے کہا ہے کہ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سیلف سیکورٹی سسٹم میں پولیس مددگار 15سروس کی سہولت جلد قائم کر دی جائے گی۔ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔دوہزار پولیس اہلکاروں پر مشتمل موبائل موٹر سائیکل اسکواڈ بھی بنایا جائےگا، جو پورے شہر میں پٹرولنگ کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن کے دورے اور سائٹ سیلف سیکورٹی سسٹم کی نئی عمارت کے افتتاح کے بعد صنعتکاروں سے خطاب میں کیا۔ سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر جاوید بلوانی اور کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر زبیرموتی والا نے بھی خطاب کیا۔کراچی پولیس چیف نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے لئے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔اکثر منشیات کے عادی نوجوان وارداتیں کرتے ہیں۔نوجوانوں میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑی وجہ بے روزگاری بھی ہے۔انہوں نے صنعتکاروں کو روزگارکے نئے مواقع فراہم کرنے اور مراکز بحالی کے قیام پر زور دیا تاکہ نوجوان نسل جرائم پیشہ عناصر کا شکار ہونے سے بچیں۔قبل ازیں جاوید بلوانی نے کہا کہ سائٹ سیلف سیکورٹی سسٹم ضلع غربی میں جرائم کی مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔کرمنل ریکارڈ کی تصدیق کیلئے سیلف سیکورٹی سسٹم میں ڈیسک قائم کی جائے ۔