زرداری ، فریال و دیگر کی عبوری ضمانت میں 25ستمبر تک توسیع

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بینکنگ کورٹ نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں ملزم حسین لوائی کو بی کلاس کی فراہمی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ، عدالت نے ملزم زین ملک کی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر ایف آئی اے سے تک جواب طلب کرلیا ،عدالت نے ملزمان آصف علی زرداری ، فریال تالپور ، زین ملک و دیگر کی عبوری ضمانت میں 25 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔ منگل کے روز بینکنگ کورٹ میں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت کے موقع پر ملزمان فریال تالپور ، حسین لوائی ، طٰحہ رضا ،نمر مجید ، زین ملک و دیگر پیش ہوئے ، حسین لوائی کو وہیل چیئر کے ذریعے لایا گیا تھا، وکیل کا کہنا تھا کہ آصف زرداری صدارتی انتخاب کی وجہ سے اسلام آباد میں ہیں،عدالت نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔وکیل صفائی کی استدعا پرانور مجید اور عبدالغنی مجید کی طبیعت کی خرابی کے باعث ایک روز حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی گئی ۔ وکیل کی جانب سے حسین لوائی کو بی کلاس کی فراہمی سے متعلق درخواست جمع کرائی گئی ، وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ میرے موکل شدید علیل اور دل کےامراض میں مبتلا ہیں۔

Comments (0)
Add Comment