اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل-شرجیل کے ذاتی ملازمین سمیت 6گرفتار

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے نجی اسپتال میں سب جیل قرار دیئے گئےشرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلوں کی برآمدگی کیس کے سلسلے میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کوحراست میں لے لیا گیا۔ پی پی رہنما شرجیل میمن کے ذاتی ملازمین سمیت 6 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ،جن میں اسپتال ملازمین اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔پولیس کی پریس ریلیز کے مطابق شرجیل میمن کے کمرے پر مامور سیکورٹی اسٹاف کو سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیجز کے مشاہدے کے بعد شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پریس ریلیز میں بتایا گیا ہےکہ سب جیل کے اندر ایک مشکوک پارسل کی منتقلی کو دیکھا گیا ،اس میں نجی ملازمین ملوث ہیں۔ پارسل کی منتقلی سے شواہد ضائع کرنے کا قوی شک موجود ہے ،جب کہ کیمرے کی ریکارڈنگ میں ذاتی ملازمین کی حرکات سے بھی شکوک اٹھ رہے ہیں۔علاوہ ازیں پولیس نے معاملے میں حقائق مسخ کرنے پر جیل حکام اور کورٹ پولیس کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے شرجیل میمن کے کمرے سے غیر ملکی شراب کی اصلی بوتلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment