لاٹی کو پری ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کیلئے 3ماہ کی مہلت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)واٹر کمیشن نے لانڈھی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری(لاٹی)کو صنعتوں میں پری ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب 3 ماہ میں مکمل کرنے اور تنصیب شدہ پلانٹ کو فعال کرنے کی ہدایت کردی۔کمیشن نے اپنے حکم میں قرار دیا ہے کہ احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، تو پھر یونٹس سیل کر دیے جائیں گے۔منگل کو واٹر کمیشن کے سر براہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے سندھ بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے سماعت کی۔ کمیشن نے اپنے تحریر ی حکم میں آصف حیدر شاہ کو انڈسٹریز کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس ،ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ کو تعاون اور سینئر ریسرچ آفیسر پی سی آر ڈبلیو آر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کو ٹریٹمنٹ پلانٹ /اسپیٹک ٹینکس کے ڈیزائن تجویز دینے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔سماعت پر 50 سے زائد فیکٹریوں کے مالکان اور نمائندوں نے پیش ہوکر کمیشن کو بتایا کہ لانڈھی میں تقریبا 400 چھوٹی بڑی انڈسٹریز قائم ہیں۔کمیشن نے استفسار کیا کہ جہاں سے آپ کما رہے ہیں وہیں پر زہر اگل رہے ہیں۔آپ کی کمپنیوں سے بغیر ٹریٹمنٹ پانی سے ہزاروں لوگ اسپتال میں جارہے ہیں۔ہمیں ایک شخص کی زندگی بچانے کے لئے 10 انڈسٹریز بھی بند کرنا پڑی تو کردوگا،ہم کسی انڈسٹریز کی بلیک ملنگ میں نہیں آئیں گے۔ایسوسی ایشن نے کمیشن کو بتایا کہ حکومت سمیت تمام ادارے ہمارے سے تعاون نہیں کرتے۔

Comments (0)
Add Comment