کنٹونمنٹ اسپتال تا گورا قبرستان سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی عامر لیاقت کے حلقے کا مرکزی روڈ کنٹونمنٹ اسپتال سے گورا قبرستان تک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جب کہ گٹر بھی ابل رہے ہیں۔اس صورتحال سے جٹ لائن ، ابن سینا، لائنز ایریا کے مکینوں سمیت عوام کو اذیت کا سامنا ہے۔منتخب نمائندے نے اس اہم مسئلے کو نظرانداز کیا ہے۔مکینوں نے وزیر بلدیات اور میئر کراچی سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر سڑک کی مرمت کرائی جائے۔تفصیلات کے مطابق جٹ لین، ابن سینا اور لائنز ایریا کی مین سڑک جو کنٹونمنٹ اسپتال سے گورا قبرستان فلائی اوور تک جاتی ہے ، کے دونوں ٹریک کئی ماہ سے ٹوٹ پھوٹ کر کھنڈر بنے ہوئے ہیں۔گٹر ٹوٹنے سے سیوریج کا پانی بھی ابل رہا ہے، جس سے سڑک جوہڑ کا منظر بھی پیش کررہی ہے ۔صدر سے شارع فیصل آنے والے اور جانے والے جہاں پریشان ہیں۔وہاں بڑی چھوٹی گاڑیوں کا نقصان ہورہا ہے، جبکہ علاقے مکین بھی عذاب میں مبتلا ہیں۔جٹ لین اور ابن سینا لین کے مکینوں کا کہنا ہے کہ متحدہ پاکستان کو چھوڑ کر تحریک انساف کو ووٹ دیا کہ عامر لیاقت مسائل حل کرنے چلے تھے۔اس بار تبدیلی لاکر دیکھ لی کہ سڑک تاحال کھنڈر بنی ہوئی ہے۔عامر لیاقت اب فون بھی نہیں سنتے۔مکینوں نے صوبائی وزیر بلدیات اور میئر کراچی سے اپیل کی کہ اس سڑک کو بنوایا جائے۔

Comments (0)
Add Comment