سٹی کورٹ پولیس چوکی پر حملے کیلئے آنیوالے 3 دہشت گرد مارے گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اے وی سی سی پولیس نے اقبال مارکیٹ پولیس کے ہمراہ اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے گیارہ رئیس امروہی کالونی صادق آباد میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ چھاپہ خفیہ اطلاع پر مارا گیا جس پر دہشتگردوں نے فائرنگ کردی تھی۔پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس، جدید اسلحہ اور بارودی مواد بر آمد کرلیا ،جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا جس نے خودکش جیکٹوں کو ناکارہ بنایا، پولیس نےدہشت گردوں کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیں جہاں ان کی شناخت 24 سالہ رحمت ولد رضوان، 22 سالہ فیصل ولد محمد رشید اور 29 سالہ زبیرعرف وقاص ولد آیا خان کے ناموں سے کی گئی،پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سوات گروپ سے تھا،دہشت گردوں نے اورنگی ٹائون کے علاقے اقبال مارکیٹ میں خفیہ ٹھکانہ بنا رکھا تھا جہاں کراچی میں بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیرشیخ نے اس حوالے سے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ اے وی سی سی اور حساس ادارے نے آپریشن کیا ،کراچی ایک بہت بڑے سانحہ سے بچ گیا ، دہشت گردوں نے سٹی کورٹ اور لیاری بائی پاس پر حملہ کرنا تھا،ساتھیوں کے آنے پر مزید حملے کرنے تھے ، ملزمان کے موبائل فون سے معلومات حاصل ہوئیں۔ ایس ایس پی اے وی سی سی عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ کی بھی ریکی کی تھی، مقابلے میں مارے جانے والا دہشت گردزبیر عرف وقاص تحریک طالبان سوات گروپ کا امیر تھا،ٹی ٹی پی سوات کے کچھ مزید دہشتگردوں کی کراچی میں موجودگی کی اطلاع ہے جس کے لئے آپریشن کئے جا رہے ہیں،ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دونوں خودکش حملہ آور افغانستان سے حال ہی میں آئے تھے۔

Comments (0)
Add Comment